لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور میں”ولائتی مرغی“ کو ”دیسی پر“ لگ گئے،مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے تنخواہ دار طبقے سے گوشت کھانے کی سکت چھین لی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اتارچڑھاو کا سلسلہ جاری ہے،کبھی 10 سے 15 روپے اضافہ تو کبھی دو سے تین روپے کمی ہوتی ہے۔برائلر چکن کی قیمت 546 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ دیسی مرغ کے شوقین افراد کو ایک ہزار روپے سے بھی زائد ادا کرنے پڑیں گے۔مرغی کے مہنگے گوشت نے دکانداروں کو بھی پریشان کر رکھا ہے جن کا کہنا ہے کہ مہنگے چکن نے گاہک کم کر دئیے ہیں۔دوسری طرف جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مرغی کے گوشت کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 600 روپے کلو تک پہنچ گئی،جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔معاشی بحران اور مہنگائی کے اس دور میں دیگر اشیا خورد و نوش کی طرح پاکستان میں مرغی کی قیمت پہلے ہی کافی بڑھ چکی تھی مگر گذشتہ دو ہفتوں کے دوران فی کلو مرغی کے نرخ میں ڈیڑھ سے دو سو روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ اسی دوران قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
![chicken meat continued to increase in the local markets](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Chiken-Price-1200x480.jpg)