عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ورکرز اور قوم تیاری کرلے،ہم نے جیل بھرو تحریک شروع کرنی ہے تاکہ ان کا شوق پورا ہو جائے،سارا پاکستان آج عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے،میں امید رکھتا کہ ہماری عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
زمان پارک لاہور میں ویڈیو لنک سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم نے عظیم جدوجہد کی،قائد اعظم کو پتا تھا کہ ان کی زندگی زیادہ نہیں ہے،ہمارا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا،مدینہ کی ریاست کی بنیاد عدل و انصاف پر تھی،ریاست میں عدل و انصاف نہ ہو تو ترقی نہیں ہوسکتی،نظریے سے ہٹنے والی قوم مرجاتی ہے،سازش کے تحت مجرموں کی حکومت ہم پر نافذ کی گئی،آج اس ملک کیلئے جدوجہد نہیں کریں گے تو سب ذمہ دار ہوں گے، پاکستانی بزنس مین دبئی میں کارخانے چلا رہے ہیں،ان سے پوچھیں کیوں دبئی میں پیسہ لگارہے ہیں تو وہ کہیں گے کہ ہمیں دبئی میں قانون کی عمل داری نظر آتی ہے،اوور سیز پاکستانی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، 15 سے 20 لاکھ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرلیں تو قرضہ نہ لینا پڑے۔
عمران خان نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد جس دن آیا تو ڈالر 178 روپے کا تھا،آج پاکستان میں ڈالر 100 روپے مہنگا ہوگیا،ایک ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا۔ہمارے تین سال آٹھ ماہ میں ڈالر 55 روپے مہنگا ہوا، ڈالر کے اثرات آپ سب پر آنے والے ہیں، آٹا 60 روپے سے 150 روپے پر پہنچ گیا،کون سی قیامت آئی کہ معیشت اس طرح ڈوبی؟ہمارے دور میں تیل 115 ڈالربیرل پر گیا،آج تیل 85 ڈالر فی بیرل ہے،یہ مہنگائی کا طوفان کس وجہ سے آیا؟ آج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اس دن سے بھی نیچے پہنچ گئے جب پاکستان نے نیو کلئیر دھماکا کیا تھا،اسحاق ڈار نے پہلے بڑی بڑھکیں ماریں،آئی ایم ایف اور موڈیز کو دھمکیاں دیں،آج اسحاق ڈار نے گھٹنے ٹیک دیئے،اس کے بعد کہا سب کچھ اللہ کرتا ہے اور خیرات پر آگئے۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی جس نے سارا پیسا پاکستان منتقل کیا اسے ایک ٹویٹ پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا،اسے ننگا کرکے تشدد کیا گیا،ویڈیو بناکر بیوی بیٹی کو بھیج دی،بنیادی حقوق کہاں گئے؟شاندانہ گلزار کو دہشت گرد بنایا گیا،فواد چوہدری اور شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا،شیخ رشید کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت دی تو بہت سے کیس ڈال دیئے، ہر اس آدمی کو اٹھایا گیا جو ان کے خلاف بولتا ہے،عمران ریاض کو بھی اسی لئے اٹھایا گیا،رجیم چینج کے خلاف جس نے لکھا اس پر تشدد کیا گیا،خالد گجر اور اس کے بھائی شبیر گجر کو اس کے گاوں سے اٹھایا گیا،میرے اوپر 60 ایف آئی آر درج ہیں،میرے اوپر حملے پر بنی جے آئی ٹی کو تبدیل کردیا گیا،جے آئی ٹی نے عدالت نے رپورٹ درج کرائی کہ تین شوٹر تھے،جن لوگوں نے یہ حملہ کروایا ان کا کام میری حفاظت کرنا تھا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے جیسے ہی اسمبلی تحلیل ہو اس کے 90 دن میں انتخابات ہوں گے،18 دن ہوگئے ہیں دونوں گورنرز نے الیکشن کی تاریخ نہیں دی، 90 دن گذرنے کے بعد دونوں گورنرز کے خلاف آرٹیکل 6 لگ جائے گا،ان کا خیال ہے ہم کمزور ہوجائیں گے تو یہ الیکشن کرائیں گے،یہ لوگ الیکشن سے خوفزدہ ہیں،ساری قوم تماشہ دیکھ رہی ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے یا نہیں ؟ان کے پیسے باہر پڑے ہیں،ان کے پاکستان میں کوئی سٹیکس نہیں،یہ پھر سے باہر بھاگیں گے،فکر کرنی چاہئے کہ یہ ملک نہیں رہا تو ہم بھی نہیں رہیں گے،معیشت تباہ ہوئی تو ہماری آزادی پر اثر پڑے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو جھوٹ بولے گئے وہ ختم کرنا چاہتا ہوں،دہشتگردی سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی،شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے پیسے خرچ نہیں کئے،ہماری حکومت آئی تو 700 پولیس اہلکار شہادتیں دے چکے تھے،پولیس کے حالات برے تھے،سب سے زیادہ قبائلی علاقے کے لوگوں نے قربانیاں دیں،انہیں خوف ہے کہ پھر سے آپریشن نہ شروع ہوجائے،2013 میں دہشت گردی کا گراف دیکھ لیں،ذمہ داری آپ کی ہے،نااہلی آپ کی ہے،ہم نے 600 ارب روپے پولیس ٹریننگ پر خرچ کئے، 2017 میں ڈی این اے لیبارٹری بنائی،جب سے پی ڈی ایم آئی پختونخوا کو صرف 5 ارب روپے دیئے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں پی ٹی آئی بالکل کمزور ہوجائے تو الیکشن کرائیں،ہمارے مخالف بیوروکریٹس کو ہم پر مسلط کردیا گیا،پیچھے سے ان کی مدد بھی آرہی ہے،یہ ہمیں جیلوں میں ڈال کر الیکشن کرانا چاہتے ہیں،ہمارے پاس اب دو راستے ہیں،یا تو پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کریں لیکن ایسا کریں گے تو معیشت اور نیچے جائے گی،ورکرز اور قوم تیاری کرلے،ہم نے جیل بھرو تحریک شروع کرنی ہے،بجائے توڑ پھوڑ کریں،ہم سارے جیل بھرو تحریک کی تیاری کریں،میں کال دوں گا،جیسے ہی سگنل دوں گا ہم گرفتاریاں دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں