ملتان(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )قیادت کو’دھمکی آمیز لہجے“میں کہا ہے کہ یہ تو ابھی دو دو دن کی قید میں پولیس والوں کے گلے لگ کر رونے لگ گئے،ابھی تو انصاف ہونا شروع ہی نہیں ہوا،انصاف تو ابھی ہوگا،سزا تو بھگتنی ہوگی،چاہے ضمنی الیکشن ہوں یا عام انتخابات؟ہمیں ہر چیز کیلئے تیاری رکھنی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے عمران خان کی”جیل بھرو تحریک“کے حوالے سے کہا کہ میں انتظار کر رہی ہوں کہ وہ جیلیں بھریں اور بسم اللہ زمان پارک سے ہونی چاہئے،ہم تو آنکھیں بچھا کر بیٹھے ہیں کہ آئیں آپ کو بھی پتا چلے جیل کیا ہوتی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس ایک بدنامِ زمانہ کیس ہے،یہ ہم پر ایک داغ ہے کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج دیا گیا،دوسری جانب میں دیکھتی ہوں وہاں اقامہ نہیں ہے،بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا فراڈ نہیں ہے،وہاں اصل جرائم ہیں،ہیرے جواہرات لئے گئے ہیں،فارن فنڈنگ میں ثبوتوں کے صفحے بھرے پڑے ہیں کہ باہر سے ناجائز پیسہ آیا اسے چھپایا گیا اور اس کے بارے میں جھوٹ بولا گیا لیکن انہیں کوئی چھو نہیں سکتا،وہ عدالت میں نہیں آتے،کبھی ایک بہانہ کرتے ہیں کبھی دوسرا بہانہ دیتے ہیں،عمران خان کو کیوں اس کی اجازت دی جارہی ہے کہ جب چاہے خط لکھ کر بھیج دے میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا،یہ جو یکطرفہ انتقام ہے اس کے اپنے نتائج ہوتے ہیں۔یہ تو ابھی دو دو دن کی قید میں پولیس والوں کے گلے لگ کر رونے لگ گئے،ابھی تو انصاف ہونا شروع ہی نہیں ہوا،انصاف تو ابھی ہوگا،سزا تو بھگتنی ہوگی،جو ڈیم والے ”بابا جی “کا اس وقت حشر ہوا ہے،کھوسہ صاحب نے جو کیا اور جو ناانصافی ہوئی،اس سے قوم کی آنکھیں کھلی ہیں، اس ملک کو بیرونی طور پر کوئی خطرہ نہیں،بیرونی خطروں سے نمٹنے کیلئے ہم تیار ہیں،اس ملک کو اندرونی طور پر خطرات ہیں،یہ جو آپس میں اختلافات ہیں،سیاسی عدم استحکام ہے،غیر یقینی کی صورت حال ہے،ملک کو اس سے خطرہ ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورحکومت میں پریس اور میڈیا پر مظالم ڈھائے گئے،کئی پریس اور میڈیا کے لوگوں کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونے پڑے،حق اور سچ کی آواز کو دبانے کے خلاف بہت سے صحافیوں کو گھر جانا پڑا، یہ بڑا افسوس کا مقام ہے،ہماری حکومت نے ایک بھی انتقام پر مبنی کیس بنایا ہوتو مجھے بتائیں،میں خود اس کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Maryam-Nawaz-In-Multan-1200x480.jpg)