اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی حکومت نے انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سانحہ پولیس لائن پشاور کے بعد وفاقی حکومت نے حیران کن طور پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلہ میں وفاق نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے نئے آئی جی پولیس کی تعیناتی کے لئے نام طلب کرلئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی جی گلگت بلتستان محمد سعید وزیر کو آئی جی خیبر پختونخوا لگائے جانے کا امکان ہے۔فی الحال معظم جاہ انصاری آئی جی خیبر پختونخوا کی بدستور ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ پولیس لائن سے پہلے ہی وزیر اعظم شہباز شریف چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا کی کارکردگی سے نالاں تھے اور انہیں تبدیل کرنا چاہتے تھے تاہم تحریک انصاف نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کی تبدیلی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا،سانحہ پولیس لائن کے بعد وفاقی حکومت کے پاس آئی جی کی تبدیلی کا واضح جواز آ گیا ہے ۔