کراچی(کرائم رپورٹر)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے دست راست اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو سندھ پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو سندھ سے حراست میں لے لیا گیا۔ محمد خان بھٹی کو سندھ کے علاقے مٹیاری سے گرفتار کیا گیا ہے وہ حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ جارہے تھے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد کی نگرانی میں محمد خان بھٹی کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔دوسری طرف سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کی بھی گرفتاری ظاہر نہیں کی جائے گی، ہمارے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں کی بھی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اور سندھ انتظامیہ کو خبردار کررہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی اس لاقانونیت کا نوٹس لیں، یقین ہے کہ وہ ایسے اقدام کا راستہ روکیں گے۔یاد رہے کہ مسلسل سات روز سے اینٹی کرپشن کی ٹیم لاہور ہائی کورٹ میں اس امید پر موجود ہوتی تھی کہ محمد خان بھٹی ضمانت کے لئے آئیں تو انہیں حراست میں لیا جا سکے ،محمد خان بھٹی پر کروڑوں روپے کمیشن اور رشوت لینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ اسی کیس میں گرفتار رانا محمد اقبال کی درخواست ضمانت لاہور ہائی کورٹ سے مسترد ہو چکی ہے ۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Muhammad-Khan-Bhatti-1-1200x480.jpg)