وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے سرکاری افسران کو اہم ہدایات جاری کردیں


مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ سرکاری افسران خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض انجام دیں اور عوام الناس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، آزادکشمیر کے سرکاری افسران باصلاحیت اور بہترین انداز میں کررہے ہیں،سرکاری آفیسران کے رویے میں بہتری نظرآنی چاہیے، سائلین کے لئے دفاتر میں بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ آزادکشمیر کے سرکاری دفاتر ایک مثال بنیں،کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ایک بہترین تربیتی ادارہ ہے جسے حکومت مزید ترقی دے گی اورہم سب کو اس پر فخر ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام نویں مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کے شرکاءکی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر حکومت حافظ حامد رضا،ممبر قانون ساز اسمبلی عاصم شریف،سیکرٹری سروسز راجہ امجد پرویز، سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب اور ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈیئر (ر) اختر حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم سردارتنویر الیا س خان اس موقع پر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے لئے 2 گاڑیوں اور 15لاکھ نقد رقم کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ سول سروس کے افسران کے لیے تربیتی پروگراموں کا مقصد حصول علم اور ان کی مہارتوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے رویوں میں تبدیلی لانا ہے،ایسے تربیتی پروگرام منتظم کا کردار ادا کرتے ہیں اور افسران کی معیاری کارکردگی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مڈ کئیرئر منیجمنٹ کورس کے انعقاد کا مقصد شرکاءکی کیپیسٹی بلڈنگ کے ساتھ ساتھ ان کی خداداد پوشیدہ صلاحیتوں کو نمایاں کرنا ہے تاکہ ان میں فیصلہ سازی وتنظیم کاری کے ساتھ ساتھ خود اعتمادی پیدا ہو سکے اور وہ آئندہ کیرئیر میں درپیش مسائل کو احسن طریقے سے حل کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئیر (ر)اختر حسین شاہ نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے قیام سے لیکر آج تک کی کارگردگی پیش کی اور کہا کہ اس ادارہ سے تربیت حاصل کرنے والے آفیسران کے رویوں میں بہت تبدیل آتی ہے ،پہلے کی نسبت اب زیادہ اچھے طریقے سے عوام الناس کی خدمت اور کشمیر کی تعمیر و ترقی کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے اس موقع پر کورس مکمل کرنے والے شرکا کوسرٹیفکیٹس بھی دیے جبکہ ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈیئر (ر) اختر حسین شاہ نے وزیراعظم کو شیلڈ پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں