کراچی(وقائع نگار خصوصی)سابق صدر پاکستان جنرل(ر)پرویز مشرف کو نماز جنازہ کے بعد سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ،نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران،سیاسی و سماجی کارکنوں سمیت ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولو گراونڈ میں ادا کی گئی،جس کے بعد چنیسر گوٹھ کے قریب فوجی قبرستان میں انہیں مکمل فوجی اعزاز اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا،سابق صدر کی نماز جنازہ میں سابق آرمی چیف جنرل(ر)قمر جاوید باجوہ،جنرل(ر) اشفاق پرویز کیانی اور جنرل(ر)مرزا اسلم بیگ،متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم )پاکستان کے رہنماوں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،ڈاکٹر فاروق ستار،مصطفی کمال،مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل،سابق وفاقی وزیر اطلاعات جاوید جبار،سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سمیت اعلیٰ فوجی حکام،سیاسی و سماجی رہنماوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔سابق صدر کی تدفین سے قبل کینٹین سٹورز ڈیپارٹمنٹ( سی ایس ڈی) سے متصل آرمی قبرستان کا انتظام رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے سنبھال لیا تھا جبکہ قبرستان جانے والی گلی میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔دبئی سے خصوصی طیارہ سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف کی میت کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ لے کر گذشتہ شب کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا،اس خصوصی پرواز میں پرویز مشرف کے ذاتی عملے کے ارکان موجود تھے۔ملٹری پولیس کی بھاری نفری کے حصار میں ان کی میت کمبائنڈ ملٹری ہسپتال(سی ایم ایچ) ملیر کینٹ لے جایا گیا۔