اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے،اسلام آباد اور راولپنڈی کے ضمنی الیکشن میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما حنیف عباسی نے اپنے بیٹوں کو میدان میں اتاردیا ہے جبکہ مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے سلسلہ میں تیزی آ گئی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 33حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں،ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار وں نے اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے جبکہ الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی کی آج آخری تاریخ ہے،امیدوار اپنے حامیوں کے ہمراہ کاغذات جمع کرانے الیکشن کمیشن کے دفاتر میں پہنچ رہے ہیں۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کارکنوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے،کچہری میں شدید نعرے بازی بھی کی۔شیخ رشید نے این اے 62 اور شیخ راشد شفیق نے این اے 60 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 مری سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنماء صداقت علی عباسی نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے این اے 126 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ریٹرننگ آفیسر نے حماد اظہر کو سکروٹنی کے لئے 10 فروری کی تاریخ دے دی۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے فرزند تیمور علی خان کو میدان میں اتار دیا ہے۔تیمور علی خان نے حلقہ این اے 59 راولپنڈی کے لئے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔اس کے علاوہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی کے فرزند حماس حنیف عباسی بھی کارکنوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے۔حماس حنیف نے این اے 60 اور این اے 62 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔دوسری طرف کراچی میں قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن شیڈول ہیں جبکہ 8 فروری(آج) کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے۔2 دنوں میں ابھی تک 26 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں،کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی بڑی تعداد کا تعلق پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے ہے۔متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم)پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار،مصطفی کمال اور دیگر آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔پی ٹی آئی کے سابق ارکان قومی اسمبلی اپنے ہی حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔پیپلز پارٹی نے 17 سے زائد امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔