ملتان (وقائع نگار خصوصی) حلقہ این اے 155 ملتان میں ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے جانے والے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے امیدواروں کے حامی ایک دوسرے سے لڑ پڑے،الیکشن کمیشن کا آفس میدان جنگ بن گیا،لاتوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال،پتھراﺅ بھی کیا گیا،متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ملتان کے حلقہ این اے 155 میں ضمنی انتخاب کے لیے ن لیگ اور پی ٹی آئی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے امیدواروں کے ساتھ آئے کارکنان کے درمیان لڑائی ہوگئی جس میں 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس موقع پر شدید نعرے بازی کی گئی۔لڑائی کے موقع پر ملتان کا الیکشن کمیشن آفس میدان جنگ بن گیا،ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنان نے ایک دوسرے پر پتھراو کیا جبکہ آفس میں موجود گملے بھی اٹھا کر ایک دوسرے کو مارے گئے،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے حامیوں کی اس لڑائی میں الیکشن کمیشن آفس کے شیشے ٹوٹ گئے،اس خونی لڑائی میں 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن کو ریسکیو کی جانب سے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔
تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کارکنان کے ہمراہ اپنے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن آفس میں جمع کروائے اور وہ باہر جب پریس کانفرنس کے لیے آئے تو اسی دوران مسلم لیگ ن کے طارق شریف بھی کاغذات نامزدگی جمع کروانے پہنچ گئے،جب یہ قریب سے گزرے تو ن لیگ کے کارکنان کی جانب سے گھڑی چورکے نعرے لگائے گئے،جس کے جواب میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے بھی نوازشریف کے خلاف نعرے بازی کی۔نعرے بازی سے معاملہ آگے بڑھ گیا اور حالات کشیدہ ہو گئے،دیکھتے ہی دیکھتے دونوں جماعتوں کے کارکناں دست وگریباں ہو گئے جبکہ ایک دوسرے پر پتھراو بھی کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر الیکشن کمیشن کے دفترکر بند کر دیا ہے،پولیس نے آدھے گھنٹے بعد حالات کو کنٹرول کر لیا۔