کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت کئی روز بعد دو لاکھ سے نیچے آ گئی،سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی ہو گئی۔دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 28 پیسے سستا ہو کر 273 روپے کی سطح پر آگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق یکدم 2000 روپے کی بڑی کمی کے بعد فی تولہ سونا ایک لاکھ 98 ہزار روپے پر آگیا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قدر 1715 روپے کمی سے 1 لاکھ 69 ہزار 753 روپے ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے کے بعد 1880 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 28 پیسے سستا ہو کر 273 روپے کی سطح پر آ گیا۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 3 روپے 28 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد ڈالر 273 روپے کا ہوگیا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز 0.35 فیصد یا 98 پیسے کمی کے بعد ڈالر 276 روپے 28 پیسے پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 26 جنوری کو ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کی مقررہ حد (کیپ) ہٹانے کے ایک روز بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا، جو 3 فروری کو 276 روپے 58 پیسے کی کم ترین سطح پر آگیا تھا۔