تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ملک عامر ڈوگر گرفتار

ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر پر ہنگامہ آرائی کے واقعے پر پولیس نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کو گرفتار کر لیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پولیس نے ملک عامر ڈوگر کو ان کے ڈیرے سے گرفتار کیا،ان کے ہمراہ 10 سے زائد کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے گرفتاریوں پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکمران پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کر رہے ہیں،ملک عامر ڈوگر لڑائی جھگڑا کرنے والا شخص نہیں ہے،عامر ڈوگر کے خلاف سیاسی کیس ہے اور انہیں ڈرانے کے لیے ایسا کیا گیا۔اسد عمر نے کہا کہ کیمرے کی آنکھ سے کچھ چھپ نہیں سکتا سب نے دیکھا کیا ہوا،ہر دن رہنماوں کی گرفتاری کی خبریں سامنے آتی ہیں،یہ سمجھتے ہیں ظلم و جبر کر کے عوام کو دبا دیں گے۔

یاد رہے کہ ۔تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر کارکنان کے ہمراہ اپنے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن آفس میں جمع کروانے پہنچے تھے کہ ن لیگی امیدوار طارق شریف کے ساتھ آئے کارکنوں نے ملک عامر ڈوگر کو دیکھ کر گھڑی چور کے نعرے لگانا شروع کردیئے،پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے بھی جوابی نعرہ بازی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور الیکشن کمیشن میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا ،لڑائی کے دوران الیکشن کمیشن آفس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے ،اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراو بھی کیا ،اس مار کٹائی اور ہنگامہ آرائی میں دونوں طرف سے سات کارکنوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں