مریم نواز نے خیبرپختونخوا کی عوام سے ایسی اپیل کر دی کہ عمران خان بھی مسکرا دیں

ایبٹ آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے ایک بار پھر عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خیبرپختون خوا کی عوام سے اپیل کی ہے کہ اس ملک میں میری اور آپ کی نسلوں نے رہنا ہے،ملک کو ترقی دینے کے لئے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں ۔
ایبٹ آباد میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے حوالے کرنے کے بعد معاہدہ پھاڑ دیا اور بنی گالہ کے بنکر میں جاکر بیٹھ گیا،آگ بجھانے والے سے پوچھا جارہا ہے،آگ لگانے والوں سے بھی پوچھا جائے،عمران خان نے 4 مہینے سے ٹانگ پر پلاسٹر لگایا ہوا ہے،عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ پر پلاسٹر ہے،پنڈی میں جلسہ کرنا ہو تو چلے جاتے ہیں،تمہیں پلاسٹر نہیں،تمہارے کیے گئے جرائم عدالت جانے سے روکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا،ایک ہزار نوکریاں ہی دکھادو، 300 ڈیم بنانے والا خیبر پختونخوا کو ڈیم فول بنا کر چلاگیا،خیبرپختونخوا میں10سال احتساب کے ادارے کو تالہ لگا رہا اور جیلیں بھرنے کا دعویٰ کرنے والے اپنی جیبیں بھرتے رہے،آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبر پختونخوا میں عمران خان کا کوئی منصوبہ نظرنہیں آیا،پشاور کو لاہور بنانے کا کہنے والے نے لاہور کو بھی پشاوربنادیا،گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی،وہ اب یہ بھی بتادیں کہ نواز شریف کو کس نے نکالا؟نوازشریف کو نکالنے والے گروہ کا سرغنہ عمران خان ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ سب گواہ ہیں خیبر پختونخوا میں ہمارے جتنے بڑے جلسے ہوئے اتنے کبھی نہیں ہوئے،اس صوبے کو فنڈز کی نہیں خدمت سے سرشار قیادت کی ضرورت ہے،امیر مقام نے نواز شریف کو کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں بڑے جلسے منعقد کرنا چاہتے ہیں،اس لئے میں خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں جاوں گی،خیبرپختونخوا کو وسائل اور فنڈز کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے،خیبرپختونخوا کے ہر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہے،میری آنکھیں ترس گئیں کہ پختونخوا میں عمران خان کا کوئی منصوبہ دیکھوں، لے دے کر پختونخوا کے پاس دکھانے کیلئے ہزارہ موٹروے ہے اور اس پر بھی نواز شریف کا نام لکھا ہے،بلین ٹری سونامی کے درخت کہیں نظر نہیں آتے،لگتا ہے درختوں نے سلیمانی ٹوپیاں پہنی ہوئی ہیں،ان کے اپنے لوگ الٹا درخت کاٹ کر بیچ گئے،پشاور دھماکے کا قصوروار وہ ہے،جو 10 سال صوبے پر حکومت کرتا رہا ہے،پشاور میں اہلکار ایسے شہید ہوئے جیسے نہتے لوگ شہید ہوتے ہیں،کے پی کے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کیا فالتو لوگ ہیں؟کے پی کے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کیوں لوگ نہتے افراد کی طرح شہید ہو رہے ہیں،چوریاں کی تھیں اس لیے دس سال کے پی میں احتساب کے ادارے کو تالا لگا رہا، کے پی کی تعمیر پر خرچ ہونے والے فنڈز زمان پارک اور عمران خان کی حفاظت پر خرچ ہوئے،موازنہ ہو گا تو عمران کے خیبرپختونخوا اور شہباز شریف کے پنجاب کے دس سال کا ہوگا،موازنہ ہو گا تو عمران خان کے چار سال اور نواز شریف کے چار سال کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کارکن اور سوشل میڈیا کی ٹیمیں خیبر پختونخوا کے گلی گلی اور ہر کونے میں پہنچیں اور ایک،ایک دروازے پر مسلم لیگ ن کا پیغام پہنچائیں،خیبرپختونخوا کے لوگ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں تاکہ ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں