علی زیدی کا سندھ پولیس پر سنگین الزام،آئی جی سندھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سیدعلی زیدی نے سندھ پولیس پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں انتقامی کارروائیاں بڑھتی جارہی ہیں،ذوالفقار بروہی کے دفتر پر پیپلزپارٹی کے غنڈوں نے حملہ کیا،اندرون سندھ پولیس میں جرائم پیشہ افراد بھرتی کئے جارہے ہیں،اگر آئی جی سندھ اپنے ادارے کے کرمنلز کا احتساب نہیں کر سکتے تو پھر استعفیٰ دیکر گھر جائیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید علی زیدی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بروہی کے دفتر پر پیپلزپارٹی کے غنڈوں نے حملہ کیا ہے،ذوالفقار بروہی حیدر آباد میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے، جام خان شورو نے ان کے دفتر پر حملہ کرایا تھا،پولیس نے کارروائی کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کیا،وہ آئین سے نہیں زرداری سے وفاداری نبھا رہے ہیں،اندرون سندھ پولیس میں جرائم پیشہ افراد بھرتی کئے جارہے ہیں،زرداری مافیا کے لوگوں کو پولیس میں بھرتی کرلیا گیا ہے،یہ آئین کے نہیں بلکہ زرداری مافیا کے وفادار ہیں،پولیس کی وردی پہن کر پارٹی جھنڈا نہیں آئین دیکھا جاتا،آئی جی سندھ بروہی صاحب پر ہونے والا ظلم روکیں،اگر آئی جی سندھ اپنے ادارے کے کرمنلز کا احتساب نہیں کر سکتے تو پھر استعفیٰ دیکر گھر جائیں۔
انہوں نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جو جتنا بڑا کرمنل ہے اس کو اتنا بڑا عہدہ دیا جاتا ہے،سب سے بڑے کرمنل کو وزیراعظم بنا دیا ہے،کئی کرمنل تو ایم پی اے اور وزراء بھی بن گئے ہیں۔سید علی زیدی کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کیپٹن (ر)صفدر نے داتا دربار پر بیٹھ کر بڑے مزے کی باتیں کیں یہ غلط ہے،وہ غلط ہے،سارے لوگوں نے اس کی بات سنی ہے،ایک بات اس نے اور کر دی کہ الیکشن 2025 میں ہونے چاہئیں،میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں کوئی قانون اورکوئی آئین ہے کہ نہیں؟جس کا جو مرضی دل کرتا ہے اٹھ کر بیان دے دیتا ہے،گذشتہ روز جاوید چوہدری نے کالم لکھا جس پر میں چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ صدر پاکستان نے بھی آپ کو خط لکھا تھا کہ اس رجیم چینج ڈرامے پر کمیشن بنا کر تحقیقات کریں،اب تو بات کھل کر سامنے آ گئی ہے،اب تو انہوں نے بھی کہہ دیا ہے کہ وہ خطرناک تھا،اب تو مداخلت بھی سامنے آ گئی،میں چیف جسٹس آف پاکستان سے ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں اس ملک کو قانون کے تحت چلا لیں،پوری قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں