میں نے تو اسحاق ڈار کو کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات نہ کریں بلکہ ۔۔۔۔مریم نواز کا تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے حسب روایت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف)کے ہاتھوں گروی رکھ دیا اور خود آرام سے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر زمان پارک میں بیٹھا ہے،اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہے ہیں،انہیں چاہئے تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات نہ کریں،آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑنے والے کو کہتے کہ آو مذاکرات کرو،عوام کے اس مجرم کو آئی ایم ایف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ انہیں(عمران خان اور تحریک انصاف)کہا تھا ہیلمٹ پہن کرعوام میں جانا،عوام انڈے ٹماٹر ماریں گے،وہ چار سال تک عوام میں گئے ہی نہیں،عوام جانتے ہیں مہنگائی لانے والا کون ہے؟جو اگلے 5 سال پر نظر رکھ کر بیٹھا ہے،اب مان گیا ہے کہ ایوان صدر میں چھپ کر ملاقاتیں کی تھیں،چھپ کا ملاقات کرنے کا کیا مقصد تھا؟ملاقات کا مقصد سازش کو کامیاب بنانا تھا،اب کہتا ہے تالی کیلئے ہاتھ آگے کیا ہوا ہے،دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا،ان کا رونا دھونا ہے ہی اس لئے کہ دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا،اب یہ تالی نہیں بجے گی، 2018 میں بنی تمہاری سلیکشن کمیٹی اب ٹوٹ گئی ہے،سلیکٹرز گھر چلے گئے ہیں،دونوں ہاتھوں سے اپنے کان پکڑے ہوئے ہیں،اب وہ کہتے ہیں کہ عمران خان ملک کیلئے خطرہ تھا،اب آپ کا سازشوں کا دور ختم ہوگیا ہے،بابا رحمتے اس وقت کیلئے سب سے بڑی زحمت بن گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ راول فلائی اوور چار سال نہ بن سکا لیکن شہباز شریف نے بنا دیا،اسلام آباد میٹرو سروس چار سال تک نہ چل سکی شہباز شریف نے 15 دن میں اسلام آباد میٹرو سروس کھول دی،نواز شریف نے 2016 میں اسلام آباد کے سکولز کو بہتر بنایا۔ان کے چار سالہ دور میں میٹرو منصوبے کی بسوں میں اضافہ نہ ہوسکا، 10 سال بعد میں خیبرپختونخوا کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے،ہر بار نواز شریف ملکی حالات ٹھیک کرتے ہیں اور حالات ٹھیک ہونے پر نواز شریف کو نکال کر پھینک دیا جاتا ہے،نواز شریف کے دورمیں آٹا، چینی، گھی،ڈالر مہنگا نہیں ہوا،نواز شریف کے دور میں گروتھ ریٹ چار فیصد تھا،یہ اقتدار میں تھے تو کہتے تھے آلو پیاز کی قیمت کم کرنے نہیں آیا،بنی گالا اور زمان پارک کا کچن تو کوئی اور چلاتا ہے،عوام اپنا کچن خون پسینے کی کمائی سے چلاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں