نوجوانوں کو ن لیگ میں کیسے شامل کیا جائے؟مریم نواز نے پارٹی قیادت کو اہم ٹاسک سونپ دیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے ن لیگ میں نوجوانوں کو شامل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیمی ڈھانچے میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی بڑھائی جائے،پڑھے لکھے،محنتی اور نظریاتی وابستگی رکھنے والے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے پارٹی تنظیمی اجلاس کی صدارت کی،جس میں وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔اجلاس میں دیہی اور شہری حلقوں میں تنظیمی اشتراک عمل موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔مریم نواز نے نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام ونگز خاص طور پر نوجوانوں،خواتین اور سوشل میڈیا کے شعبوں کو فعال اور متحرک کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمی ڈھانچے میں خواتین،نوجوانوں کی نمائندگی بڑھائی جائے،پڑھے لکھے،محنتی،نظریاتی وابستگی رکھنے والے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔اجلاس میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔مریم نواز نے گزشتہ چار سال کے دور آزمائش میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی ثابت قدمی،بہادری اور نظریاتی وابستگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو متاثر کن قرار دیا۔

مریم نواز نےکہا کہ اسلام آباد کی تنظیم وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرتی ہے،دیہی اور شہری حلقے کا امتزاج ہونے کی وجہ سے اس کی ذمہ داریاں بھی زیادہ اہم ہیں،دیہی اور شہری حلقوں میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے،اسلام آباد کے حلقے روایتی طور پر ہمیشہ مسلم لیگ ن کے حامی رہے ہیں،دیہی اور شہری حلقوں کے درمیان اشتراک عمل،وارڈ اور یونین کونسلز کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مزید موثر بنایا جائے۔دوسری جانب سوشل میڈیا اور شعبہ خواتین کے تنظیمی اجلاس بھی آج ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں