حکومت نے شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی

کراچی(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) کی اتحادی حکومت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے ) نے حکومت سے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت مانگی تھی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان پچھلے سات آٹھ ماہ سے باقاعدہ مہم جوئی اور کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو جائے تاکہ معاشی طور پر استحکام حاصل نہ کر سکے اور خدانخواستہ ڈیفالٹ کر جائے، اس مقصد کے لیے عمران خان نے شوکت ترین جیسے آدمی کو بھی بہکایا جو بظاہر شریف آدمی ہیں اور ان کے بہکانے میں آ کر انہوں نے بھی ایک ایسی حرکت کی کہ جس سے پاکستان کو نقصان ہو سکتا تھا، ان کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت مانگی ہے جو حکومت نے دے دی ہے اور انہیں اس بات کی سزا ملنی چاہیے تاکہ کسی کو بھی دوبارہ اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ ہو،عمران خان جب اس سب میں کامیاب نہ ہو سکے اور آئی ایم ایف کا معاہدہ کرنے میں حکومت پاکستان کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے تو آج انہوں نے پھر بہت ہی گھٹیا سے بھی نیچے جا کر گفتگو کی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ، میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان سیاسی طور پر بھی مستحکم ہو گا اور معاشی طور پر بھی استحکام حاصل کرے گا اور تمہارا گھٹیا ایجنڈا کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکے گا،شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت مانگی ہے جو حکومت نے دے دی ہے ، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے عمران خان کو وقت سے پہلے فارغ کر دیا گیا، شیخ رشید کی گرفتاری کے پیچھے ان کے بیانات ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرغیرملکی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جارہی ہے، سی پیک سے پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے،چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،، سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کا ایک فیصد سیکیورٹی کیلئے مختص کیا گیا، ملکی اورغیرملکی شہریوں کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے،سیکیورٹی اقدامات پرعملدرآمدمیں ہرگزکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں