کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 8 کے دوسرے میچ میں آج دو بڑی ٹیموں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا، شائقین کرکٹ کو دونوں ٹیموں کے مدمقابل آنے سے زیادہ بابر اعظم اور محمد عامر کے ٹاکرے کا انتظار ہے جو برسوں بعد آج پورا ہونے جا رہا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق گزشتہ 6 سیزنز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دنیا کے نمبر ون بیٹسمین بابر اعظم اس بار پشاور زلمی کی قیادت کر رہے ہیں ، جبکہ محمد عامر کراچی کنگز کی طرف سے اپنی برق رفتار گیند بازی کا مظاہرہ کریں گے ، اس طرح اپنی اپنی فیلڈ پر مکمل عبور رکھنے والے دونوں ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو آج ایک نادر موقع میسر آئے گا جس میں دونوں ہی ایک دوسرے کے وار کو رد کریں گے۔
شائقین کرکٹ اس میچ کیلئے بے تاب نظر آتے ہیں کیونکہ دونوں کھلاڑی گزشتہ کافی عرصہ سے کراچی کنگز کی ہی نمائندگی کر رہے ہیں اور اس بار دنوں مخالف ٹیمز کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور اپنا اپنا پہلا میچ ایک دوسرے کے مد مقابل کھیل رہے ہیں، اس لیے میچ میں دونوں جانب سے تابر توڑ حملوں کی توقع کی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کی خواہش ہو گی کہ وہ پی ایس ایل کا آغاز اچھے میچ سے کریں اور پھر اسی مومینٹم کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل کی جانب بڑھا جائے۔
دونوں ٹیمیں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آج رات 8 بجے مدمقابل آئیں گی، کراچی کنگز کی بیٹنگ مضبوط اور بولنگ خطرناک ہے، 500 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے شعیب ملک کا ساتھ حاصل ہے تو شرجیل خان، حیدر اور میتھیو ویڈ بھی ٹیم کے اہم ہتھیار ہیں۔ پشاور زلمی میں اگر بابر اعظم جیسا بڑا اسٹار ہے تو محمد عامر بھی کنگز کے ٹرم کارڈ ہیں، فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ بولر ہیں ویلنٹائن ڈے پر وہ بابر کو پھول نہیں دیں گے بلکہ وکٹیں لیں گے۔