ترکیہ اور شام میں آنے والے 7.8 شدت کے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوگیا. اب تک کی اطلاعات کے مطابق زلزلے میں مجموعی طور پر 37 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں. زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
“پاکستان ٹائم” کے مطابق رکیہ میں اب تک زلزلے سے 31 ہزار 643 جبکہ شام میں 5 ہزار 700 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 37 ہزار 346 ہوگئی ہے. خبر رساں اداروں کے مطابق 27 ہزار سے زائد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں ہیں. سنکڑوں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے تاحال کئی افراد پھنسے ہیں جن کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ اب تک ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹائم مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ترکیہ کے بعض متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی جبکہ متاثرین کو صحت و صفائی کے مسائل کا سامنا بھی ہے، علاوہ ازیں وبائی امراض بھی پھیلنے لگے، متاثرین زلزلہ کی جانب سے جلد کی بیماریوں اور ڈائریا کے حوالے سے شکایات سامنے آرہی ہیں.
خیال رہے کہ 6 فروری کو آنے والے خوفناک زلزلے سے ترکیہ اور شام میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں. متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالرز کی فوری امداد کی اپیل کی گئی ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد دوگنا ہوسکتی ہے۔