وزیر اعظم کے بیٹے اور داماد کو ریلیف، عدالت نے ضمانتوں میں توسیع کر دی

پاکستان ٹائم کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے وزیراعظم کے داماد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی ہے، جبکہ حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر احتساب عدالت نمبر 9 کے جج قمر الزماں نے سماعت کی۔ سماعت کے بعدعدالت نے عبوری ضمانت میں یکم مارچ تک توسیع کردی۔علاوہ ازیں، شریک ملزم سید طاہر نقوی کی عبوری ضمانت میں بھی یکم مارچ تک توسیع کر دی گئی۔
سماعت کے دوران نیب کی جانب سے عدالت میں مو¿قف اختیار کیا گیا کہ ہارون یوسف اور سید طاہر نقوی گرفتاری کے لئے مطلوب نہیں ہیں، لیکن ان کے پرانے وارنٹ گرفتاری ابھی منسوخ نہیں ہوئے۔ہمیں تفتیش کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت کی جانب مہلت دیتے ہوئے جائزہ رپورٹ جلد مرتب کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
واضح رہے کہ ہارون یوسف اور سید طاہر نقوی نے احتساب عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
اسی دوران احتساب عدالت کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں