راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کی” جیل بھرو تحریک“ شروع ہوئی تو ایسا جواب دیں گے جو عمران خان سوچ بھی نہیں سکتے، پی ٹی آئی ملک کو سیاسی عدم استحکام کی جانب لےجانا چاہتی ہے۔
راوالپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ” جیل بھرو تحریک “کا اعلان کرکے چیئرمین تحریک انصاف بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، جیل میں پی ٹی آئی کے عام کارکنوں کو نہیں بلکہ افراتفری پھیلانےوالوں کو رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگ نہیں رہے شفاف انتخابات نگران حکومت میں ہونے چاہئیں، اگر ایسا نہ ہوا تو عمران خان دھاندلی کا شور مچائیں گے۔صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عارف علوی نے مالیاتی آرڈیننس پر دستخط اس لئے نہیں کیے تاکہ آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہو اور ملک کو معاشی نقصان پہنچے، ان کا جو صدر بیٹھا ہے اس کی شکل ایسی ہے کہ ابھی خیرات مانگ لے گا، ن لیگ ملک کو موجودہ بحران سے نکالے گی۔دوسری جانب پنجاب کی نگران حکومت کا مشاورتی اجلاس ہوا ، جس میں” جیل بھرو تحریک“ کے حوالے سے معاملات اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کی سربراہی نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کی جب کہ اس میں صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولیس کو ہدایت کی گئی کہ امن و امان کی صورت حال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، رضاکارانہ گرفتاری دینے والوں کو کسی صورت گرفتار نہ کیا جائے، پی ٹی آئی کے کارکن اور رہنما قانون کے خلاف گئے تو گرفتاری عمل میں لائی جائے،پنجاب حکومت نے میانوالی اور ڈی جی خان کے جیل حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/327053280_6372690419453910_1804112718238840715_n-1200x480.jpg)