کالعدم داعش کے دو دہشت گرد گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر)سائٹ سپرہائی وے پولیس نے کامیاب کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار دہشت گرد افغان آرمی اور کالعدم داعش سے وابستگی رکھتے ہیں، دونوں دہشت گرد افغان شہری ہیں، اور گرفتار ملزم حکمت اللہ افغان آرمی کا سابقہ کمانڈو ہے، دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحیٰ اجلاس ہوا۔ جس میں آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس لائنز اور ان میں موجود مساجد کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔آئی جی سندھ نے ہدایت جاری کی کہ اہم سرکاری دفاتر،عمارتیں، ٹریننگ سینٹرز، اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ رکھی جائے، سیکیورٹی کے مجموعی امور و اقدامات کو ریڈ الرٹ کیا جائے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کے جان ومال کا خیال اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، کے پی او واقعہ انتہائی لرزہ خیز تھا، جس کی تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، وقوعے کی تفتیش کے لیے ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، شہیدوں کے ورثائ کا خیال رکھا جائے اور تمام زخمیوں کومعیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔دوسری طرف کراچی پولیس آفس پر حملے میں ملوث دہشت گرد زالا نور افغانستان سے غلام خان بارڈر کے راستے سے 11 جنوری کو پاکستان آیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگرد زالا نور کے 4 بھائی شادا نور،اجمل، غازی منور اورعلی منورہیں، دہشتگرد نے غلام خان بارڈر پر نادرا وین میں قومی شناختی کارڈ کے لئے اپلائی کیا جس کی عمر 20 سال ہے۔
ذرائع مزید بتایا کہ زالا نور کے والد میران شاہ بازار پاکستان مارکیٹ کے ساتھ رہائش پذیر ہے دہشتگرد کی والدہ کا تعلق کڑہ مدا خیل، تحصیل دتہ خیل سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں