خواجہ آصف نے صدر مملکت کو ”اوقات “ یاد دلا دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کی تاریخ دیئے جانے پر کہا ہے کہ صدر کی” اوقات“ ہی نہیں کہ وہ ایسے فیصلے کریں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صدر کی اوقات ہی نہیں کہ وہ ایسے فیصلے کریں، صدر مملکت اپنی اوقات سے باہر نکل رہے ہیں،ایک نمبر عہدے پہ دو نمبر بندے بیٹھ گئے ہیں یہ ملک کی بڑی بدقسمتی ہے ،آئین کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔خواجہ آصف نے کہا کہ صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، آئین میں تمام عہدیداروں کی ذمہ داریاں واضح ہیں، صدر مملکت پی ٹی آئی کارکن کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے غیر آئینی حرکت کی اس کا کوئی جواز نہیں، غیر آئینی اقدام پر صدر کے خلاف کارروائی ہو گی۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے چیئرمین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک طرف جیل بھرو تحریک چلا رہا ہے دوسری طرف ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت میں پیش ہورہا ہے ،بدھ کا انتظار کریں ،ان کیساتھ ہوتا کیا ہے آپ دیکھنا؟۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہوا، ڈیفالٹ کی کوئی صورت نہیں بن رہی، البتہ ایف بی آر کا ریکارڈ دیکھ لیں، ادارے ریونیو جمع کرنے میں ناکام ہیں، بڑے بڑے ادارے اور کمپنیاں ڈیفالٹ ہو چکی ہیں لیکن میں نام نہیں لوں گا، ملک کی آدھی آبادی غربت اور آدھی آبادی عیاشی کی زندگی گزار رہی ہے، جو چیزیں زرمبادلہ نہیں بنا رہیں، ان کا کوئی حل سوچنا ہوگا، 4 ہزار روپے پر 1400، 1500 کنال پر مال روڈ پر گالف کلب دیا ہوا ہے، یہ غریبوں کی غربت کا مذاق اڑانے والی بات ہے، اگر کسی کو بسانا ہے تو گالف کلب میں بسائیں، غریبوں کی بستیوں پر بلڈوزر کیوں چلاتے ہیں؟۔خیال رہے کہ صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017ءکے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار پنجاب اور خیبر پختونخواکی صوبائی اسمبلیوں کے لئے انتخابات کا اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں