لاہور ( سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ناموس صحابہؓ واہل بیتؓ بل قومی اسمبلی کے بعد سینٹ سے بھی منظور کرائیں گے، اس بل پر مسلمانوں کے تمام طبقات نے خوشی کااظہار کیاہے، موجودہ بل قرآن وسنت کے عین مطابق ہے، اس بل کے خلاف پراپیگنڈہ بلاجواز ہے،نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کے اصحابؓ و اہل بیتؓ کی عزت و تکریم ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے تاہم مٹھی بھر ناعاقبت اندیش ناجانے کس ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ؟ صحابہ کرام و اہل بیت عظام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں متنازعہ گفتگو بند ہونی چاہیے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پارٹی کی صوبائی کا بینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پروفیسر ساجد میرکا کہنا تھا کہ تحفظ اسلام و پاکستان لازم و ملزوم ہے، مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والے شر پسند عناصر کو کھلی چھوٹ ریاست و مذہب سب کے جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش ہے،مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے عبرت ناک سزائیں نہ دینے سے ملک میں انتشار پھیلے گا۔
مرکزی ناظم اعلی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں بحیثیت مسلمان یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کسی سیاستدان، کسی جرنیل، جج یا بیوروکریٹ پر انگلی اٹھانا ، ان سے سوال کرنا حرام یا جرم نہیں لیکن اصحابؓ و اہل بیتؓ پر انگلی اٹھانا بے ایمانی کی علامت ہے،حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی پاکیزہ برگزیدہ جماعت کے ذریعہ اسلام کا تعارف بھی کرادیاگیا اور رسول عربیﷺ کی سیرتِ طیبہ اور سنت کو عام کیاگیا، اگر رسول اللہﷺ سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو الگ رکھ کر ان کوعام انسانوں کی طرح غیر معتبر قرار دیا جائے گا تو اسلام کی پوری عمارت ہی منہدم ہوجائیگی،اللہ کے رسول ﷺ نے جو کچھ من جانب اللہ ہم کو عطاءکیا ہے وہ ہم تک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہی کی معرفت پہنچا ہے، ہم نے سینیٹ میں ” دفاع ناموس صحابہ ” کے ضمن میں پرائیویٹ بل کے طور پر بل پیش کر دیا ہے اور اس بل کو آئندہ اجلاس میں ایجنڈا کے آئٹم میں لیا جائیگا۔ اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کےلیے ریلیف سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں مولانا عبدالرشید حجازی، حافظ یونس آزاد، سید سبطین شاہ نقوی، حاجی نواز مغل، مہر عبداللہ سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/resalat-1200x480.jpg)