نئے چیئرمین نیب کی تقرری،تحریک انصاف نے دوٹوک اعلان کر دیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ راجا ریاض کی مشاورت سے قومی احتساب بیورو(نیب)کے نئے چیئرمین کا تقرر ناقابل قبول ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف درج مقدمات پر ہنسی آتی ہے،عمران خان نے فیصلہ کیا ہے جو بھی عدالت طلب کرے گی حاضر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے کے مترادف ہے،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہونا چاہیے،نیا چیئرمین نیب راجا ریاض کے مشورے سے نہ لگایا جائے۔راجا ریاض کی مشاورت کو کوئی تسلیم نہیں کرتا،راجا ریاض اور شہباز شریف کا تعلق ایسے ہی ہے جیسے غلام کا آقا سے ہو،راجا ریاض کی مشاورت سے نئے چیئرمین نیب کا تقرر ناقابل قبول ہو گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے بلیک میلنگ کے لیے سیل قائم کیا،ججز کے خلاف منفی مہم کی مذمت کرتے ہیں،سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے۔
اس سے قبل فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب سلطان نے اپنے کام میں”مداخلت“کے خلاف استعفیٰ دیا،چیف الیکشن کمشنر کیلئے چیئرمین نیب کے استعفیٰ میں بڑا پیغام ہے،میں ان 22 افسران جن کو پنجاب میں مداخلت کرنے کیلئے لگایا گیا ہے کہتا ہوں وہ بھی خود کو اس نظام سے علیحدہ کریں،یہ ملک اور بیورو کریسی دونوں کے مفاد میں ہے،چیئرمین نیب کا استعفیٰ تحریک انصاف کے موقف کی واضح توثیق ہے، روزِ اول سے کہہ رہے ہیں کہ نظامِ احتساب کی تباہی این آر او دیکر لائے گئے مجرموں کا کلیدی ہدف ہے،ان مجرموں نے سازش سے اقتدار ملتے ہی سب سے پہلے نیب کو تباہ کیا،اپنے 11 سو ارب کی چوری بچانے کیلئے انہوں نے نیب قانون میں نہایت شرمناک ترامیم کیں،لازم ہے کہ ریاستی ادارے مجرموں کے اشاروں پر کھیلنے کی بجائے آئین و قانون کی بالادستی کی راہ اختیار کریں،کٹھ پتلی راج انشاءاللہ جلد انجام کو پہنچے گا،ریاست اور عوام کو آگے بڑھنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں