اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق یکم شعبان 22 فروری بروز بدھ کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس کوہسار بلاک پاک سیکریٹریٹ کی چھت پر منعقد ہوا جبکہ دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں سید مشاہد حسین خالد،حافظ عبدالقدوس سمیت محکمہ موسمیات اور دیگر کمیٹیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔شب برات 7 مارچ کو منگل کے روز ہوگی۔
دوسری جانب زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیرصدارت لاہور میں ہوا،جس میں کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات کے نمائندے شریک ہوئے۔زونل کمیٹی نے شہادت مرکزی کمیٹی کو بھجوا دی۔واضح رہے کہ رواں ماہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کے اجلاس کے دوران محکمہ موسمیات نے عندیہ دیا تھا کہ رواں برس پورے ملک میں رمضان المبارک اور عید الفطر ایک ساتھ ہونے کے قوی امکان ہیں۔