پرویز الٰہی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

لاہور(وقائع نگار خصوصی)سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ق سے نکالے جانے والے چوہدری پرویز الٰہی نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)میں شامل ہو نے کا اعلان کر دیا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ق لیگ سے فارغ ہوتے ہی چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ساتھ ہمیشہ دیتے رہیں گے اور پی ٹی آئی کو مزید مضبوط کریں گے،ن لیگ نے عمران خان کے دور کے ترقیاتی منصوبے بند کردیئے،کوئی کام شہباز شریف نے ایسا نہیں کیا جس سے عام آدمی کا فائدہ ہو۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہر مشکل گھڑی میں عمران خان کا ساتھ دیا،ہمارے ایم پی ایز او خواتین پر مختلف تھانوں میں مقدمے ہوئے اس کے باوجود عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے،عمران خان اور پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا احترام کرتے ہیں، ہمیشہ عمران خان کا ساتھ دیں گے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہر وہ کام کریں گے جس سے پاکستان کااور عوام کا فائدہ ہوگا، ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہماری جماعت پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے، ہم نے اپنے دور حکومت میں ہسپتالوں اور دیگر شعبوں میں کام کئے، شہباز شریف نے آکر انہیں بند کردیا،شہباز شریف نے ساری زندگی ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے عام آدمی کی بھلائی ہو۔اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ کا اجلاس ہوا، جس میں پرویز الٰہی نے عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا،پرویز الٰہی کے ہمراہ سابق ارکان اسمبلی، سینئررہنما اور مونس الٰہی کی حمایت بھی حاصل ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کا کردار قابل ستائش ہے، ہم ان کے مداح ہیں،پرویز الٰہی اور ان کے ساتھی پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے اور عمران خان کی قیادت میں منزل کی جانب بڑھیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پرویزالٰہی مسلم لیگ ق چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کررہے ہیں،پرویز الٰہی اور ان کے ساتھی آج سے پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے،پرویزالٰہی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کریں گے،ان کے موجودہ بحران میں کردار کو سراہتے ہیں۔واضح رہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے مسلم لیگ ق کے قائد کی حیثیت سے چوہدری پرویز الٰہی کو نوٹسز جاری کئے گئے جس پر جواب نہ ملنے پر آج ان کی پارٹی رکنیت اور تمام عہدے ختم کرتے ہوئے ق لیگ سے ان کی چھٹی کروا دی تھی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں