لاہور(سٹاف رپورٹر) نامور بھارتی شاعرجاوید اختر کے ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے حالیہ بیان کو لے کر پاکستان شوبز انڈسٹری سمیت سوشل میڈیا صار فین شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق سوشل میڈیا پر عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے افراد کو پاکستان بلانے پر پابندی لگائی جائے جو اسی سرزمین پر کھڑے ہوکر اس کیخلاف زہر اگلتے ہیں، بھارتی شاعرجاوید اخترنے گزشتہ دنوں لاہورمیں معقد ہونیوالے فیض فیسٹول میں ایک سیشن کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ممبئی کے لوگ ہیں ہم نے دیکھا کیسے حملہ ہوا تھا، وہ لوگ ناروے سے تونہیں آئے تھے اورنہ ہی مصر سے آئے تھے، وہ لوگ ابھی بھی آپ کے ملک میں گھوم رہے ہیں،ایک ہندوستانی کے دل میں شکایات ہوتوآپ کوبرانہیں ماننا چاہیے۔
جاوید اختر کے پاکستان مخالف اس بیان کو لے کر جہاں بھارتی میڈیا اور اداکار ان کی خوب تعریف کر رہے ہیں وہیں پاکستان میں ان کے اس بیان پر خوب تنقید کی جارہی ہے ، اداکار شان شاہد نے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے ٹویٹ لکھا کہ ’ان کو گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کا تومعلوم ہے مگراس پرخاموش ہیں مگر یہاں (پاکستان) ممبئی حملوں کے ملزمان کو ڈھونڈ رہے ہیں،اس کو ویزاکس نے دیا؟۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’لعنت ان سب پر جو سامنے بیٹھے تالیاں مار رہے تھے کوئی پاکستانی اداکار، گلوکار یا شاعر ایسی ہی بات انڈیا میں بیٹھ کر کرتا تو وہ ار ایس ایس کے ہاتھوں مارا جا چکا ہوتا ‘،بعض سوشل میڈیا صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاوید اخترجیسے لوگوں کو چونکہ انڈیا میں ہی رہنا ہے توانہیں اپنی اوراپنے بچوں کی جان پیاری ہے۔اس لئے اس طرح کے بیانات دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے جاوید اختر اور انکے بیان کو سراہنے والی کنگنا رناوت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ بھارت سے مسلمانوں اور سکھوں کی نسل کشی ختم کریں اور گجرات فسادات پر اپنے وزیرِاعظم سے جواب مانگیں پھر ہم پر الزام لگائیں ان کے فوجی تو خود آئے دن تنگ آکر خودکشی کر رہے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے جاوید اختر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ”اسے کہتے ہیں گھر میں گھس کر مارنا “ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اپنے ٹویٹس میں ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت دیگراعلی حکام کو ٹیگ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شدت پسندانہ سوچ رکھنے والے بھارتی اداکاروں، ادیبوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے اورجاوید اخترکو مدعو کرنے والوں سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہئے۔