اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ملکی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر تمام وفاقی وزرا نے رضاکارانہ تنخواہیں،الاونسز اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں ملکی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلے سامنے آئے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام وفاقی وزراء رضاکارانہ طور پر تنخواہیں، الاونسز اور مراعات چھوڑ رہے ہیں اور کابینہ کا کوئی ممبر اور حکومتی افسر بزنس کلاس میں سفر نہیں کرے گا،جب کہ کابینہ اراکین اور سرکاری افسران فائیو سٹار ہوٹل قیام نہیں کریں گے۔ایک وفاقی وزیرکی ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ روپے ہوتی ہے،جبکہ ایک وفاقی وزیرکو رہائشی الاونس کی مد میں ایک لاکھ 3 ہزار 125 روپے ملتے ہیں۔وفاقی وزیر یوٹیلیٹی بلز کی مد میں 22 ہزار روپے خرچ کر سکتا ہے اور اس کے علاوہ وفاقی وزرا گاڑی،پٹرول،ٹی اے ڈی اے،میڈیکل الاونسز کے بھی مستحق ہوتے ہیں۔وزیر مملکت کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہے اور اسے 93 ہزار 750 روپے رہائشی الاونس ملتا ہے،اس کے علاوہ ایک وزیر مملکت کو 6 ہزارماہانہ الاونس اور 22 ہزار روپے یوٹیلیٹی بلز کیلئے ملتے ہیں۔ وزیر مملکت کو گاڑی،پٹرول،ٹی اےڈی اے،میڈیکل الاونس بھی ملتا ہے۔وفاقی وزیر اور وزیر مملکت کے سٹاف کی تعداد 5 ہوتی ہے،انہیں پرائیویٹ سیکرٹری،پرسنل اسسٹنٹ اور سٹینوگرافر ملتے ہیں،پرسنل سٹاف میں قاصد اور نائب بھی ملازمین میں شامل ہیں۔وزیرمملکت اور وفاقی وزیر کو گھر میں دفتر بنانے کے اخراجات بھی ملتے ہیں،ان کے فیملی اراکین اور 4 ملازمین کا ریلوے اور فضائی سفر بھی مفت ہے،گھریلو سامان کی شفٹنگ کے اخراجات بھی سرکار برداشت کرتی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Govt-Of-pakistan-1200x480.jpg)