عدلیہ پر دباو کون ڈال رہا اور اس کی وجہ کیا ہے ؟عمران خان کھل کر بول پڑے

لاہور(وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات سے بھاگنے کے لئے آج برملا عدلیہ کے خلاف تقاریر کی جا رہی ہیں اور ان پر دباو ڈھالا جا رہا ہے، ہماری گرفتار سیاسی قیادت سے دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جا رہا، اسد عمر کو لیہ جب کہ شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل بھجوا دیا گیا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں کارکنوں کی بڑی تعداد گرفتاری دینے نکلی، سب کو پتا ہوجانا چاہئے قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے؟ اپنے تمام رہنماو اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں” جیل بھرو تحریک “احتجاج کا پر امن طریقہ ہے، حکومت نے ہمارے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے، حکومت جس طرح کے ہتھکنڈ ے استعمال کر رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے،ملک میں بدقسمتی سے مجرم اقتدار میں بیٹھے ہیں،ہم نے جنرل (ر) مشرف کے مارشل لاءمیں بھی ایسے مظالم نہیں دیکھے، ہمارے رہنماوں کےخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے،ہمارے سخت مخالف شخص کو نگران وزیر اعلیٰ اور مخالف افسران کو عہدوں پر تعینات کیا گیا، کارکنوں نے احتجاج رجسٹر کرانے کے لئے گرفتاریاں دیں تو انہیں دہشت گردوں کی طرح رکھا جا رہا ہے، ہمارے رہنماوں اور کارکنوں کو مختلف جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل راولپنڈی میں بھی بڑی تعداد میں لوگ باہر نکلیں گے کیونکہ کارکنان کو اب گرفتاری کا ڈر نہیں رہا، مظالم سے لوگوں کا عزم مزید مضبوط ہو رہا ہے، سری لنکا میں ان ہی حالت پر عوام سڑکوں پر نکلے تھے جنہوں نے وزراءکے گھروں کا آگ لگادی تھی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عدلیہ پر دباو ڈال رہے ہیں جس کا مقصد صرف 90 روز میں انتخابات نہ کرانا ہے، آئین کا آرٹیکل 224 پڑھ لیں، انتخابات میں تاخیر نہیں ہو سکتی لہٰذا ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ الیکشن میں جانا ہے،ن لیگ کی عدلیہ پرحملوں کی تاریخ ہے جب کہ یہ ججز کو فون کرکے لوگوں کو سزائیں دلاتے تھے، الیکشن کمیشن ن لیگ کی پارٹی بن کر مہم چلا رہا ہے، فارن فنڈنگ کیس عدالت میں گیا تو خارج ہو جائے گا، مجھے نااہل کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، خود کو نیوٹرل کہنے والوں نے ہمارے رہنماوں پر دباو ڈالا، انہیں پیسوں کی آفر دیں اور پھر دھمکیاں دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں