استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک)زلزلے کی جھنجھوڑ نے ایک بار پھر ترکیہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،تازہ زلزلے سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں،شاپنگ مالز اور دفاتر سے باہر نکل آئے،ابتدائی طور پر زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترک میڈیا کے مطابق سطی نگدے صوبے میں 5.3 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا اور مقامی وقت کے مطابق ضلع بور میں دوپہر 1 بجے کے بعد آیا جس کے نتیجے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔چند ہفتوں سے ترکیہ میں مسلسل آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں صرف ترکیہ میں 44 ہزار اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 6 ہزار ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلے کی شدت 7.7 تھی جس کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا جب کہ زلزلے کے بعد تقریباً 9 ہزار آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ترک حکومت نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کردیا ہے جبکہ صدر طیب رجب کا کہنا ہے کہ دس لاکھ گھروں کی تعمیرکی ضرورت ہے ۔دوسری طرف صدی کی آفت قرار دیے گئے اور 11 صوبوں کو متاثر کرنے والے زلزلوں کے بعد سے دنیا بھر سے ترکیہ کو امدادآمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ مہاجرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 50 ملین ڈالر تک کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/turkey-earthquake-1-1200x480.jpg)