رمضان المبارک میں کتنے گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو گی؟وزیر اعظم نے ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔

”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت موسم گرما میں بجلی کی فراہمی اور پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے رواں سال موسم گرما میں کم سے کم لوڈشیڈنگ اور بالخصوص رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں کوئی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو موسم گرما میں بجلی کی متوقع طلب و فراہمی اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ 10 ہزار میگاواٹ سولرائیزیشن منصوبے پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بجلی کی زیادہ کھپت والے پنکھوں اور بلبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ کارخانوں میں ان کی تیاری رواں سال 30 جون کے بعد مکمل طور پر بند کر دی جائے گی جبکہ اجلاس کو کابینہ کے 3 جنوری 2023 کے بجلی بچت پلان پر عملدرآمد سے بھی آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے تمام صوبوں کو ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کی رفتار کو تیز کیا جائے اور سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن معینہ مدت میں یقینی بنائی جائے گی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے تھر مٹیاری پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن کے بچھانے میں تعطل پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ تھر مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کو معینہ مدت میں کیوں مکمل نہیں کیا گیا؟منصوبے میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی یقینی بنائی جائے اور این ٹی ڈی سی بورڈ کی ازسر نو تشکیل کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں