سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی اور غفلت کا ایک اور ”شاہکار “ سامنے آ گیا

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی اور غفلت کا ایک اور شاہکار سامنے آ گیا ، محکمہ جیل خانہ جات سندھ کو مختلف سکیموں کے لئے جاری خطیر رقم خرچ ہی نہ ہو سکی۔
سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق رواں سال صوبے کی مختلف جیلوں کی تعمیر ومرمت کے لئے 30 کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کیے گئے تھے جس میں سے صرف 8 کروڑ 35 لاکھ روپے خرچ کیے جا سکے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کئی منصوبوں کے لئے رقومات جاری ہی نہیں کی گئیں، البتہ ٹھٹہ، شہید بینظیرآباد اضلاع کی جیلوں کی تعمیر جب کہ ملیر جیل میں ایک ہزار قیدیوں گنجائش، توسیع منصوبے پر کوئی رقم خرچ نہ ہوئی۔اس کے علاوہ سینٹرل جیل کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ جیل کی سکیورٹی کے لئے ڈھائی کروڑ جاری ہوئے تاہم اس میں سے بھی ایک روپیہ خرچ نہ ہوا۔شادی شدہ، سزا یافتہ قیدیوں کی بیویوں سے ملاقات کے لئے کمروں کی تعمیر کے لئے 6 کروڑ 48 لاکھ روپے جاری ہوئے جس کے مد میں صرف 23 لاکھ روپے خرچ کیئے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں انتہائی خطرناک قیدیوں کے لئے علیحدہ جیل بنانے کے لئے 4 کروڑ 48 لاکھ روپے اور میرپور خاص جیل میں خواتین اور بچوں کا علیحدہ حصہ بنانے کے لئے ایک کروڑ روپے رکھے گئے جو خرچ نہ ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں