اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ کا اشارہ دیدیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سپریم کورٹ پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کا حکم دیدیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے ،ذرائع ای سی پی کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیاہے۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ عید الفطر کے بعد کی ہوگی۔ذرائع ای سی پی کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا، اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کل سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے اہم فیصلے کرے گا۔دوسری جانب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکریٹری الیکشن کمیشن، لاءونگ اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔آج ہونے والے اہم اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر اور گورنر کے پی سے مشاورت کرے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کیلئے صدر اور گورنرز کو آج ہی خط لکھے جانے کا امکان ہے،خط میں صدر کو الیکشن کیلئے تاریخیں تجویز کی جائیں گی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/332243598_901182707884620_8567935885251504461_n-1200x480.jpg)