کراچی(سٹاف رپورٹر)خواتین کی خود مختاری اور سماجی تحفظ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم عورت مارچ نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مارچ کا اہتمام 8 تاریخ کے بجائے 12 تاریخ کو کیا جائے گا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کراچی سمیت ملک کے تمام شہروں میں ہر سال عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو عورت مارچ کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی خواتین سمیت مرد حضرات بھی بڑی تعداد میں شرکت کرتے آئے ہیں۔اس سال بھی اسلام آباد، لاہور اور حیدرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی 8 مارچ کو عورت مارچ کے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے، تاہم کراچی میں 12 تاریخ کو پروگرام منعقد کیا جائے گا۔عورت مارچ کراچی کے آفیشل انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ اس بار کراچی میں 8 نہیں بلکہ 12 تاریخ کو عورت مارچ کا اہتمام کیا جائے گا تاہم کراچی عورت مارچ کے منتظمین لاہور، اسلام آباد اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں 8 مارچ کو ہونے والے مظاہروں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔بیان میں دلیل دی گئی کہ اس بار 8 مارچ ہفتے کے پہلے دن کو آ رہا ہے، جس وجہ سے مظاہرے میں شرکت کرنے والی عام مزدور خواتین کو اپنی یومیہ اجرت سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والی خواتین کی مزدوری کو بچانے سمیت کام کرنے والی دیگر خواتین کی سہولت کو دیکھتے ہوئے اس بار عورت مارچ کے انعقاد میں تھوڑی سی تبدیلی کی جا رہی ہے اور اس بار پروگرام 8 کے بجائے 12 مارچ کو اتوار کے دن منعقد کیا جائے گا۔ سماج میں خواتین کی خود مختاری، ان کی براری، سیلاب متاثرین کی بحالی، غربت اور بھوک کے خاتمے، ہجوم کے تشدد کے خاتمے، مزدوروں کے استحصال کو ختم کرنے، جبری مذہب تبدیلی کو روکنے اور ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018 میں تبدیلی کے لیے 12 مارچ کو عورت مارچ منعقد کیا جائے گا۔ عورت مارچ کی تاریخ کی تبدیلی سے متعلق تصدیق کی گئی، تاہم مارچ کے انعقاد کے مقام سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/330780654_1387264238730471_68202580053152875_n-1200x480.jpg)