لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا، فروری میں اشیائے ضروریہ کی گرانی مزید بڑھنے سے مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح 31.55 فیصد پر پہنچ گئی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان میں ماہ فروری میں مہنگائی کی شرح 4.32 فیصد اضافے کے ساتھ 31.55 فیصد تک جاپہنچی، موجودہ مالی سال کے 8 مہینوں میں مہنگائی کی اوسط شرح 26.19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں چکن 19.8 فیصد، کوکنگ آئل 17.2 فیصد، گھی 16.5 فیصد، پھل 15.1، سبزیاں 14 فیصد جبکہ سگریٹ 15.6 فیصد مہنگے ہوئے۔ رپورٹ میں بتای گیا ہے کہ ایک ماہ میں دال چنا اور بیسن 11 فیصد، دال ماش 10.3 فیصد، چاول 9.5 فیصد، آلو 4.1 اور دودھ کی قیمت 2.2 فیصد بڑھی۔حکومت نے فروری میں گیس 62.8 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 35.5 فیصد مہنگی کردیں۔ایف بی ایس کی رپورٹ کے مطابق پیاز 17.1 فیصد، ٹماٹر 11 فیصد، آٹا 3.7 فیصد گندم اور انڈے 3.2 فیصد سستے ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری 2022ئ سے اب تک پیاز 416 فیصد، چکن 96 فیصد، انڈے 78 فیصد اور چاول 77 فیصد مہنگے ہوچکے ہیں، چنے کی قیمت 65 فیصد، سگریٹ 60 فیصد، چنے اور مونگ کی دالیں 56 فیصد، ماش کی دال 50.7 فیصد اور خوردنی تیل 50.66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک سال کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/333235793_175434321893547_6482567020940359762_n-1200x480.jpg)