چوہدری پرویز الٰہی کے دست راست محمد خان بھٹی بارے انتہائی حیران کن خبر آ گئی

کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے قریبی ساتھی محمد خان بھٹی کو بلوچستان سے گرفتار کر لیا گیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈی جی سہیل ظفر نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو ملک سے فرار کی کوشش کے دوران کوئٹہ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے محمد خان بھٹی کو لاہور لانے کے لئے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔محمدخان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن میں 80 کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج ہے۔محمد خان بھٹی کے خلاف تقرر و تبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کا الزام ہے۔اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمے میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسیئن رانا اقبال کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے جبکہ گرفتار ملزم رانا اقبال محمد خان بھٹی کے خلاف عدالت میں اعترافی بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل خبریں آئیں تھیں کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو سندھ کے علاقہ مٹیاری سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ جا رہے تھے،ایس ایس پی کی نگرانی میں محمد خان بھٹی کو سندھ پولیس نے حراست میں لیا۔اس ضمن میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ محمد خان بھٹی کو بھی لاپتہ نہ کردیا جائے،جیسے کہ ہمارے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں ابھی تک لاپتہ ہیں،ایسے واقعات صوبوں میں نفرت کا باعث بنیں گے،وزیر اعلیٰ سندھ اس لا قانونیت کا فوری نوٹس لیں،یقین ہے مراد علی شاہ ایسے اقدام روکیں گے جس سے صوبوں میں بے چینی پھیلے،سندھ سے پنجاب کے رہنماوں کو لاپتہ کر کے کیا کیا پیغام دیا جارہا ہے؟تاہم دوسری طرف سندھ پولیس نے محمد خان بھٹی کی گرفتاری سے لا علمی کا اظہار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں