کراچی(سپیشل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے ”باغی“ رہنما اورسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آج معیشت کے لیے برا دن ہے، اس وقت کوئی معاشی پالیسی نہیں بلکہ معیشت سے کھلواڑ ہے،ابھی تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہونا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت کے لیے بہت برا دن ہے کیونکہ روپیہ ڈالر کے مقابلے تین سو تک پہنچ گیا ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں بھی 3 فیصد اضافہ کرکے 20 فیصد کردیا گیا ہے جس کے لیے توقع تھی کہ 2 فیصد بڑھایا جائے گا، امید کرتے ہیں کہ یہ سب کرنے کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہو جائے گا۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جب ڈالر 240 پر تھا تو امید کی جارہی تھی کہ مزید کم ہوگا مگر اس کو مصنوعی طریقے سے روکنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی جبکہ آپ کو پتا بھی تھا کہ خزانہ میں پیسے نہیں اور نہ ہی دنیا قرض دینا چاہتی ہے، پیٹرول 5 روپے کم کرنا اور پھر 30 روپے بڑھانا کوئی معاشی پالیسی نہیں بلکہ معیشت سے کھلواڑ ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دوست ممالک نہ صرف پیسے دے کر ہماری مدد کرتے ہیں بلکہ سیاسی طور پر بھی ساتھ دیتے ہیں اور چین نے اس حالت میں بھی پانچ سو ملین ڈالر دیے ہیں جس پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، اس مہنگائی کی صورتحال میں اجرت 25 ہزار سے بڑھا کر 35 ہزار کرنا ہوگی جس کے لیے صنعتکاروں سے ملاقات کرکے انہیں اس بات پر آمادہ کرنا ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہونا ہے جس کے لیے اس وقت انٹیلی جنٹ معاشی پالیسی کی ضرورت ہے، سب سے پہلے آئی ایم ایف سے معاہدہ کریں، مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا آسان نہیں کیونکہ ان کے لیے ہماری ساکھ مزید متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ عمران خان کی طرف سے دو بار معاہدے توڑنا تھا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/334269676_1169964763683924_222479397977786537_n-1200x480.jpg)