لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائز اور سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پرکڑی تنقید کرتے ہوئے بچوں کی طرح ”جھاڑ “ پلا دی ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کیا، جس کے بعد ملک میں شرح سود 20 فیصد پر پہنچ گئی جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر بھی 18روپے 97 پیسے بڑھ کر ریکارڈ 285 روپے 8 پیسے ہوگئی۔ اس ساری صورتحال پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بذریعہ ٹویٹ حکومت پر تنقید کی تھی۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پرمہنگائی سے متعلق ٹویٹ کرنے پر عمران خان کو کرارا جواب دیتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران کا بڑا حوصلہ ہے کہ اپنی دی ہوئی مہنگائی پر تنقید کر رہا ہے، تم ان پر تنقید کر رہے ہو جو تمہاری ظالمانہ پالیسیوں کو درست کرنے میں مصروف ہیں، تمہاری لوٹ مار، نااہلی اور ظالمانہ ڈیل نے ملک کو یہ دن دکھائے، تم نے آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ ڈیل کر کے پھر خلاف ورزی کی، تم نے ملک کو معاشی بدحالی میں دھکیلا، اب سکون سے بیٹھو۔مریم نواز شریف نے کہا کہ تمہاری بے رحم لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ ڈیل اوراس کی خلاف ورزی نے اس ملک کو معاشی بدحالی کی راہ پر ڈال دیا اور ڈھٹائی دیکھو، وہ لوگ جوتمہاری اس گندگی کو ختم کر رہے ہیں تم اپنا گند انکے سر ڈال رہے ہو! چپ کر کے بیٹھ جاو!۔مریم نواز شریف کا کہناتھا کہ اوراس تباہی کے لیے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولنا جو تمہیں چار سال تک پالتے رہے اورعدلیہ میں ان اثر و رسوخ کی باقیات کا بھی جن پر تم اب بھروسہ کر رہے ہو،انشاءاللہ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے اپنے بیان میں ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ روپے کی قدر میں 62 فیصد سے زائد یا ڈالر کے مقابلے میں 110 روپے کی گراوٹ کی شکل میں پی ڈی ایم نے گیارہ ماہ میں روپے کو عملاً ذبح کر دیا ہے،اس سے قرضوں میں 14.3 کھرب کا اضافہ، مہنگائی 75سال کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی ہے، قوم تبدیلی حکومت کی سازش کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہے جس کے ذریعے سابق چیف آف آرمی سٹاف نے مجرم قوم پر مسلط کئے۔
