لاہور(کورٹ رپورٹر)عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرحت شہزادی المعروف فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان(گوگی)کے خلاف درج ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔تفتیشی افسر نے شامل تفتیش نہ ہونے پر فرح خان کے خلاف درخواست دائر کی اور موقف پیش کیا کہ ایف آئی اے فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کرچکا ہے،طلبی اور مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمہ شامل تفتیش نہ ہوئی،ایف آئی اے نے فرح خان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے فرح خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)لاہور نے 28 فروری کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق فرح گوگی کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے،سابقہ دور میں فرح گوگی تبادلوں کے عوض رشوت لیتی رہی ہیں،فرح گوگی نے 2021 میں فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں غیر قانونی 10 ایکڑ اراضی اپنی کمپنی المعیز ڈیریز اینڈ فوڈز کے نام پر الاٹ کرائی، فرح خان نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں 60 کروڑ روپے کی اراضی صرف 8 کروڑ میں الاٹ کرائی تھی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Farah-Gogi-1200x480.jpg)