اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہر وقت یہ کہنا کہ ملک دیوالیہ ہوچکا،یہ ٹھیک نہیں،نہ ملک دیوالیہ ہے نہ ہی ہو گا،ہم نے اپنی سیاست پر ریاست کو ترجیح دی،موجودہ حکومت نے جو فیصلہ کیا وہ بہت اچھا کیا،آج عمران نیازی کو آئینہ دکھاوں گا،عمران خان کو لانے والوں نے کہا تھا کہ اگر یہ رہتے تو ملک خطرے سے خالی نہیں تھا کیونکہ انہوں نے تو کچھ کیا ہی نہیں تھا،ان کو لانے والے لوگ تو یہ بھی کہہ رہے تھے کہ پاکستان ختم ہو جائے گا ٹوٹ جائے گا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کل سے بہت زیادہ بحث ہو رہی تھی،آج دو بدو بات کر لیتے ہیں،آج عمران نیازی کو آئینہ دکھاوں گا،ملکی معیشت کا بیڑہ تو نیازی صاحب غرق کر چکے تھے،اس وقت جو حکومت بیٹھی ہوئی ہے اس نے گزشتہ برس اپریل میں یہ اصولی فیصلہ کیا تھا کہ ریاست کو بچانا ہے یا سیاست کو؟عمران نیازی پاکستان کو ڈبو چکا تھا اور اس وقت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے جس پر میں نے مضامین بھی لکھے تھے،موجودہ حکومت نے حکومت لینے کا جو فیصلہ کیا وہ قابل ستائش ہے اور اپنی سیاست پر ریاست کو ترجیح دی،موجودہ حکومت نے جو فیصلہ کیا وہ بہت اچھا کیا کیونکہ پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا،کچھ لوگوں نے تو کہا تھا کہ آپ نے بہت بڑی غلطی کی کیونکہ عمران خان اس تباہی سے خود ہی گر جاتا لیکن اس کے ساتھ پاکستان بھی گرجاتا،عمران خان کا طرز عمل انتہائی خود غرضانہ ہے،اللہ کے فضل سے پاکستان نہ ڈیفالٹ ہوا نہ ہی ڈیفالٹ ہوگا،جو عمران خان کو لائے اور تحفظ دیا آج وہ بھی غلطی مان رہے ہیں،اس وقت ہم دو ہزار اٹھارہ میں شروع ہونے والی تباہی سے ہی گزر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہر وقت یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے یہ ٹھیک نہیں،نہ ملک دیوالیہ ہے نہ ہی ہوگا، کچھ لوگ تو کہہ رہے تھے کہ پاکستان ختم ہوجائے گا،ان لوگوں کو دیکھنا چاہیے کہ عالمی صورتحال کیا ہے اور پاکستان کے حالات کیا ہیں؟ہم نے سیلابی صورتحال میں بھی باہر سے چیزیں منگوائی ہیں،ہم نے سیلابی صورتحال کی وجہ سے دالیں،گندم،کھاد باہر سے لے رہے ہیں جس پر چند ماہ میں اربوں روپے خرچ ہوچکے ہیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/ishaq-dar-speech-1200x480.jpg)