اسلام آباد(کرائم رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے کیس میں نئی پیش رفت سامنے آ گئی ہے،اسلام آباد پولیس نے ہنگامہ آرائی کی مکمل ذمہ داری پی ٹی آئی کارکنوں پر عائد کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو بھیجی گئی رپورٹ میں تحریک انصاف کو ”مجرم “ قرار دے دیا،اسلام اآباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر پلان کے تحت عدالت پر دباو ڈالنے کے لیے اہلکاروں کو زدوکوب اور سکیورٹی حصار توڑا گیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیس میں توڑپھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی۔
اسلام آباد پولیس نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے تمام کیمرے ٹھیک کام کر رہے تھے لیکن عمران خان کی پیشی کے موقع پر ملزمان نے کیمروں کو دانستہ نقصان پہنچایا،سیکیورٹی پروگرام کے مطابق کمپلیکس میں سکیورٹی ڈویژن اور آپریشنز ڈویژن کی ڈیوٹی موجود تھی،پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے دانستہ ، پلان کے مطابق اور عدالت پر دباو ڈالنے کے لیے اہلکاروں کو زدوکوب اور حملہ کرکے سکیورٹی حصار کو توڑا گیا، جوڈیشل کمپلیکس کے اندر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے عدالتی احاطے کے احترام میں طاقت کے استعمال سے گریز اور ضبط کا مظاہرہ کیا تاکہ عدالت میں ملزم کی حاضری یقینی بنائی جاسکے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں کوئی جیمرز نہیں لگائے گئے تھے، وکلا کے لباس میں ملبوس پی ٹی آئی کے ورکرز جن کی نشاندہی ہو چکی ہے نے عدالتی احاطے کے اندر سے زبردستی بیرونی دروازہ کھولا اور احاطہ عدالت میں داخل ہوئے لیکن پولیس اور ایف سی نے عدالتی احاطے کے احترام میں طاقت کے استعمال سے گریز کیا۔اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس تمام عدالتی عمل میں تعاون کرے گی، بے بنیاد اور حقیقت سے عاری الزامات سے گریز کیا جائے، ایسی غلط اطلاعات عوام میں انتشار اور غیر یقینی صورتحال پھیلانے کے لیے کی جاتی ہیں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا احترام سب پر لازم ہے اور سینئر قانون دانوں سے امید کی جاتی ہے کہ اپنے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر بے بنیاد الزامات سے گریز کریں، معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، مزید تفصیلات تفتیش کے عمل میں سامنے آئیں گی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/332125570_910376603538067_9058124701540482052_n-1200x480.jpg)