اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن نے دوہرے نظام کو ہتھیار بناتے ہوئے نیا بیانیہ اپنا لیا ہے، اور اس حوالے سے سوشل میڈیا مہم بھی شروع کردی ہے، جس کا آغاز وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی ٹوئٹ سے ہوا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے درمیان سوشل میڈیا پر ”جنگ“ جاری ہے تاہم اس لڑائی میں تحریک انصاف کو واضح ’برتری‘ حاصل ہے ۔کپتان کے کھلاڑی سوشل میڈیا پر ن لیگ کے ہر بیانئے کی منٹوں میں دھجیاں بکھیر دیتے ہیں ۔مریم نواز شریف اس حوالے سے دن رات محنت کر رہی ہیں اور ن لیگ میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا کی طرف راغب کرنے کے لئے سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں ۔اسی حوالے سے مسلم لیگ ن نے ملکی نظام عدل کو نشانہ بناتے ہوئے نیا بیانیہ تخلیق کیا ہے ۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’دوہرے نظام پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔‘ان کا اشارہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی پیشیوں اور ضمانتوں کی طرف تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 200 پیشیاں بمقابلہ 2 پیشیاں، 2 سال جیل بمقابلہ فوری بیل (ضمانت) 6 ماہ تک ”بیل“ نہیں کے مقابلہ میں ایک دن میں چار بیلیں (ضمانتیں) بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا، غیرملکیوں سے فنڈ لینے پر خاموشی، سب چھوڑیں آئین توڑنے پر سزا تو دیں۔مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی 200 عدالتی پیشیوں اور عمران خان کی 2 پیشیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔تصویر میں انصاف کے ترازو کے پلڑے برابر کرنے کا ہیش ٹیگ بھی شیئر کیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب کا یہ بیانیہ دیگر لیگی رہنماو¿ں نے بھی شئیر کیا۔ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ یہ ہیش ٹیگ نہیں، سوالات ہیں جن کا جواب دینا ہوگا۔ایک اور صارف نے ”ہائبرڈ رجیم کے متاثرین“ کی فہرست بھی پیش کی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/PMLN-And-adalat-1200x480.jpg)