تحریک انصاف کا لاہور میںعمران خان کی قیادت میں ریلی نکالنے کا اعلان
لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے بدھ کو لاہو رمیں سیاسی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا ہے، ریلی کی قیادت چیئرمین عمران خان کریں گے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے لاہور میں تاریخی ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ لاہور میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آج بھی زمان پارک میں موجود ہیں، وہ بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے فرار نہیں ہوئے ہیں، آج ہم اہلیان لاہور کو کال دے رہے ہیں ، بدھ کو عمران خان ان کا استقبال کریں۔حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جعلی کیسز ہیں، ان کی جان کو خطرہ ہے، کارکنان تیاری کریں، ریلی میں تمام اہلیان لاہور شرکت کریں گے، انتخابی مہم کا آغاز ریلی کی صورت میں ہو گا، یہ انتخابی مہم عام مہم نہیں ہے بلکہ پاکستان کی آزادی کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے، جب سے عدالت سے الیکشن کا حکم آیا ہے پی ڈی ایم ہیجانی کی کیفیت میں ہے، ہم آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں، بدھ کی ریلی میں عوام فیصلہ کر دیں گے، عمران خان نے کہا ہے کہ میں معاف کرنے کو تیار ہوں لیکن جس نے غریب عوام کاپیسہ لوٹا ان کو معاف کرنے کا اختیار ہمارا نہیں ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/PTI-rally-1200x480.jpg)