اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ الیکشن کروانے کا فیصلہ حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرنا ہے،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،جو صورتحال چل رہی ہے،اس میں الیکشن مہم چلانا ممکن نہیں ہے،مولانا فضل الرحمان نے الیکشن ملتوی کرنے کی تجویز دی جو قابل قدر ہے،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا اجلاس بلا کر اس تجویز پر غور کیا جائے گا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی گاڑی سبی میلے سے واپس آرہی تھی کہ اسے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا،دھماکے میں 9 افراد شہید جب کہ 13 زخمی ہوئے،زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے،خودکش بمبار موٹرسائیکل پر سوار تھا،ابھی تک سبی حملے کی کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی،دہشت گردی کی لہر کو جلد سے جلد ختم کر دیں گے،وفاقی حکومت بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے،سیکیورٹی اداروں کو تمام وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،حکومت کی جانب سے قیام امن کیلئے تمام اقدامات اٹھائےجا رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہ الیکشن کرانے کا فیصلہ حکومت کو نہیں الیکشن کمیشن کو کرنا ہے،الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کی رائے قابل قدر ہے،مولانافضل الرحمان کی رائے پر پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا،جو صورتحال ہے اس میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قومی خزانے کو 50ارب کا ٹیکہ لگایا،توشہ خانہ سے چوری ڈاکیومنٹڈ ہے،جعلی رسیدیں ریکارڈ پر موجود ہیں،عمران خان دو نمبر آدمی ہے،وہ ہر چیز دو نمبر طریقے سے بناتا ہے،عمران خان کہہ دیں کہ القادر ٹرسٹ کی رجسٹری جعلی ہے،عمران خان کی گرفتاری اب دور نہیں،جس دن عمران خان کو گرفتارکر کے عدالت پیش کرنا ہوا،کردیں گے،عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تو پیش کر دیں گے، عدالتی حکم کی تعمیل کرانے اسلام آباد پولیس زمان پارک گئی،پتا چلا ہے کہ کل عمران خان نے ہمسائے کی دیوار پھلانگی ہے اور پولیس کے جانے کے بعد پھر کہیں سے آ کر لمبی چوڑی تقریر جھاڑ دی،ہر چیز میں ڈرامہ کرنا عمران خان کا وطیرہ ہے،میں اس بات پر متفق ہوں کہ پک اینڈ چوز نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ افغان بارڈر پر ہم ڈالر کی سمگلنگ روک نہیں سکے۔