حج پالیسی 2023ءکی منظوری،رواں سال کتنے پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے؟جانئے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے حج پالیسی 2023ءکی منظوری دے دی، رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریںگے،سرکاری پیکج کے تحت حج پر جانے والوں کو ساڑھے گیارہ لاکھ روپے سے زائد فیس ادا کرنا ہوگی،،حکومت کی جانب سے حج کیلئے 9 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت حج پالیسی 2023ءسے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد وزارت خزانہ میں ہوا جس میں شرکاءکو حج پالیسی 2023ءپر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ رواں سال پاکستان سے کتنے عازمین حج کی درخواستوں کی وصولی متوقع ہے، رواں سال تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے وفاقی وزیر خزانہ کو زرمبادلہ کے بعض مسائل کے حوالہ سے آگاہ کیا اور ان کی معاونت طلب کی جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیر خزانہ کے تعاون پر ان سے اظہار تشکر بھی کیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حج کے مذہبی ایونٹ کو کامیاب بنانے اور عازمین حج کو ہر طرح کے مکمل تعاون کی فراہمی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حج ایک مذہبی فریضہ ہے جو ہر صاحب حیثیت مسلمان کو ادا کرنا چاہیے اور ہم اللہ کے فضل و کرم سے اپنا کردار بخوبی ادا کریں گے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حج پالیسی 2023ءکی منظوری دیدی گئی جبکہ ای سی سی نے حج کیلئے 9 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فنانس طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری فنانس اور وزارت خزانہ و وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اور پرائیوٹ سکیم کے تحت 50، 50 فیصد کوٹہ تقسیم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پر جانے والے عازمین کیلئے کرایوں کا اعلان کردیا، جو 870 سے 1220 ڈالر تک ہوگا۔سرکاری سکیم کے تحت حج پر جانیوالے عازمین کے کرایوں کا اعلان وزارت مذہبی امور کرے گی، جو 3 لاکھ 10 ہزار روپے سے لے کر 3 لاکھ 30 ہزار روپے متوقع ہے، رواں برس مکمل سرکاری حج 10 لاکھ 25 ہزار روپے تک ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں