’تحریک انصاف کی الیکشن مہم،بدھ سے لاہور کی سڑکوں پر انقلاب کا منظر ہو گا‘حماد اظہر کا دعویٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر میاں حماد اظہر نے پنجاب کے ضمنی الیکشن کے لئے بدھ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی مہم کا آغاز لاہور میں ریلی سے کیا جائے گا، ریلی کی قیادت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے،بدھ کو لاہور کی سڑکوں پر انقلاب کا منظر ہو گا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر میاں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ”انقلابی ریلی“ سے انتخابی مہم شروع کررہی ہے، بدھ کو انتخابی ریلی کی قیادت پارٹی چیئرمین عمران خان کریں گے، ہم ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں، زمان پارک سے شروع ہونے والی ریلی انتخابی مہم کی پہلی سرگرمی ہوگی، یہ ریلی نہیں لاہور کی سڑکوں پر انقلاب کا منظر ہوگا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات پر بات کرتے ہوئے حماد اظہر نے سوال اٹھایا کہ جب عمران خان عدالت جاتے ہیں تو سیکیورٹی کیمرے کیوں بند ہوتے ہیں؟ عدالتوں کے باہر سے پولیس نفری کیوں ہٹالی جاتی ہے؟ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور پارٹی قائد نے ایف آئی آر میں ان لوگوں کا ذکر کرنے کی کوشش کی تھی جو جان پر حملہ کرنا چاہتے ہیں، جن لوگوں کو عمران خان کی حفاظت کرنی چاہیے ،پارٹی قائد کو انہی افراد سے جان کا خطرہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں