اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان میں رواں سال کے دوران 9 فیصد گندم شارٹ فال کا امکان ہے،جس کی وجہ سے آٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ضرورت 30 ملین ٹن ہے،پیداوار 26 ملین ٹن ہوگی جبکہ ایک ملین ٹن موجود ہے۔ پاکستان کو اس سال 3 ملین ٹن گندم شارٹ فال کا سامنا ہوگا۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے مطابق شارٹ فال کی وجہ ہدف سے 15 لاکھ ایکڑ کم کاشت ہونا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا67 لاکھ ٹن سرکاری خریداری کا ہدف مقرر کردیا ہے جبکہ پنجاب 35 لاکھ ،سندھ حکومت 14لاکھ ٹن خریدے گی۔وزارت فوڈ سیکیورٹی پاسکو کو 18 لاکھ ٹن گندم خریداری کا ٹارگٹ ملا،خریداری کے انتظامات مکمل ہیں۔حکا م نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر گندم کا 9فیصدشاٹ فال برقرار رہتا ہے تو رمضان سے قبل ہی آٹا مزید مہنگا ہو جائے گا ۔دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں مستحق خاندانوں میں مفت آٹا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔