زمان پارک کی طرف جانیوالے راستے بند،پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں شروع

لاہور(سٹاف رپورٹر)محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہورمیں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسہ،جلوس اور ریلی پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے سربراہ عمران خان کی رہائش کی طرف جانے والے تمام راستے بند کرتے ہوئے بڑے بڑے کنٹینر کھڑے کر دیئے ہیں اور پولیس کی نفری نے لاہور بھر سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں ہیں ،اب تک پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو دفعہ 144کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کیا گیا ہے،یاد رہے کہ آج تحریک انصاف نے لاہور میں عمران خان کی قیادت میں ”تاریخی انقلاب ریلی“ کا اعلان کر رکھا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق نگران پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق پابندی کا نفاذ آج سے شروع ہوگا، جوآئندہ 7 روز تک جاری رہے گی، پابندی ٹریفک اورسیکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی۔دوسری طرف پولیس نے زمان پارک جانے والے راستے بند کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ مال روڈ سے کینال کی جانب راستے کو بند کردیا گیا،ریلی کے روٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور ریلی میں شرکت کیلئے آنے والوں کو بھی گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنان گرفتاریاں شروع کر دیں ہیں جبکہ مال روڈ پر گرفتاریاں شروع ہو گئیں ہیں،اس کے ساتھ ہی زمان پارک کے قریب کینال روڈ پر واٹر کینن پہنچا دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جبکہ زمان پارک،کینال پارک سے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔دفعہ 144 کے نفاذ پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی اجتماعات پر پابندی فسطائی حکومت کا نیا ہتھیار ہے،ہم اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے اس فاشسٹ حکومت کے خلاف جدوجہد میں مزید تیزی آئے گی۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ ہماری کچھ دیر میں ریلی شروع ہونے والی ہے اور زمان پارک کے راستوں کو سیل کر دیا اور نگراں حکومت نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے،عمران خان نکلے گا تو تمام چوہے بلوں میں گھس جائیں گے،الیکشن سر پر ہیں،کیسے ممکن ہے کہ ریلیوں پرپابندی لگ جائے ؟پنجاب کی متنازع نگران حکومت نے پابندی لگائی ہے،حکمران ملک میں خون چاہتے ہیں تاکہ الیکشن ملتوی کیا جائے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی انتخابی مہم آج سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے جس کے تحت لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے ریلی نکالی جائے گی۔دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے تحریک کی صوبائی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو مراسلہ بھیجا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کو یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں