عمران کو گرفتار کرنے کیلئے بلوچستان پولیس لاہور پہنچ گئی

لاہور (سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے بلوچستان پولیس لاہور پہنچ گئی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کیس میں بلوچستان پولیس وارنٹ گرفتاری لیکر لاہور پہنچ گئی ہے، بلوچستان پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے زمان پارک جائے گی اور جیسے ہی عمران خان زمان پارک اپنی رہائش گاہ سے باہر نکلیں گے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی۔
دوسری جانب پولیس نے زمان پارک کی طرف جانے والے راستوں کو بند کرنے کے لیے کنٹینرز پہنچا دیے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی سوشل میڈیا کی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا، زمان پارک آنے والے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ پولیس شہر کے مختلف علاقوں میں کارکنوں کو گرفتار کرنے لگی، زمان پارک آنے والے کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا اور گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
کینال روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں کی آگے بڑھنے کی کوشش میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا، جس پر پولیس نے واٹر کینن کا استعمال شروع کر دیا۔ پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کر کے پی ٹی آئی کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ شروع کر دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، کوئٹہ کے تھانے میں مقدمہ شہری عبدالخلیل کاکڑ کی درخواست پر درج کیا گیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے، انہوں نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کرکے نفرت پھیلائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں