اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی انتخابی ریلی کی کوریج پر پابندی عائد کر تے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پیمرا کی جانب سے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے بعد تحریک انصاف کی لاہور ریلی کی کوریج پر بھی پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے آج لاہور میں ریلی نکالی جانی تھی تاہم محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں ایک ہفتے کے لئے ریلیوں،جلسوں پر پابندی عائد کر دی،جس کے بعد مال روڈ لاہور پر تحریک انصاف کے کارکنان گئے تو انکو پولیس نے گرفتار کرنا شروع کر دیا،مال روڈ لاہور پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں،کچھ کارکنان کو گرفتار بھی کیا گیا،ان حالات میں پیمرا بھی ایکشن میں آیا اور پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی کی کوریج پر پابندی لگا دی ہے،پیمرا کی جانب سے پی ٹی آئی ریلی کی کوریج پر پابندی کا حکم نامہ چینلز کو بھجوا دیا گیا ہے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں پیمرا کا نوٹی فیکشن شیئر کرتے ہوئے لکھا ہمارے کارکنان پر جاری بربریت دکھانے پر میڈیا پر پابندی لگا دی گئی،پنجاب ایسٹ انڈیا کمپنی کے ماتحت ہے اور محسن نقوی پنجاب کے نئے جنرل ڈائر۔‘اسی طرح پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پیمرا نے پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی کی کوریج پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کردی ہیں،کیا جمہوریت اور بنیادی حقوق معطل ہو گئے ہیں؟۔